کھیلوں کی خبریں

وزیراعظم نے رمیز راجہ کی بطور چیئرمین پی سی بی تقرری کی منظوری دیدی

وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) تقرری کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم آفس نے رمیز راجہ کو فون کر کے چیئرمین پی سی بی بنائے جانے کی اطلاع دی۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ نے چیئرمین پی سی بی نامزد کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی سی بی بننا میرے لیے بہت اعزاز کی بات ہے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے اعتماد پر شکر گزار ہوں، مجھے عوام کی سپورٹ اور دعاؤں کی ضرورت ہے۔

ایک غیر ملکی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ میں نے پی سی بی چیئرمین کا عہدہ قبول کرلیا ہے، بہتری کا حصول میرا ہدف ہے۔

نامزد چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے  کہا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے میرے پاس کئی منصوبے ہیں ، بورڈ آف گورنرز سے منتخب ہوکر پریس کانفرنس کروں گا۔

رمیز راجہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم ہاؤس سے چیئرمین پی سی بی بنانے کا بتایا گیا ہے، ابھی نہیں بتا سکتا کہ گورننگ بورڈ میں وزیر اعظم کا دوسرا رکن کون ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد علی خان کو بھی پی سی بی بورڈ آف گورنرز کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔

رمیز راجہ نے 1984 سے 1997 تک پاکستان کی نمائندگی کی، وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور پی سی بی کے چیف ایگزيکٹو بھی رہے ہیں۔

Related Articles

Back to top button