جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کے خلاف چوتھے ٹی20 میچ میں 144 رنز پر ڈھیر

جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کے خلاف چوتھے ٹی20 میچ میں 144 رنز پر ڈھیر

جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کے خلاف چوتھے ٹی20 میچ میں 144 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور پاکستان کو فتح کے لیے 145 رنز کا ہدف دیا ہے۔

سنچورین میں کھیلے جا رہے سیریز کے آخری ٹی20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر ایک مرتبہ پھر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو انہیں پہلا اور سب سے بڑا نقصان اس وقت پہنچا جب گزشتہ تینوں میچوں میں نصف سنچری بنانے والے ایڈن مرکرم صرف 11 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی وکٹ بن گئے۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد جینمن ملان کا ساتھ دینے راسی وین ڈر ڈوسن آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 57 رنز کی شراکت قائم کی جو جنوبی افریقی اننگز کی سب سے بڑی شراکت ثابت ہوئی، ملان 33 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

ڈوسن نے کپتان ہنری کلاسن کے ساتھ مل کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی اور اسکور کو 109 تک پہنچا دیا لیکن اسی اسکور پر کلاسن اور پھر 52 رن بنانے والے ڈوسن بھی چلتے بنے۔

ان دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقی ٹیم سنبھل نہ سکی اور وقتافوقتاً وکٹیں گنواتی رہی اور اننگز کے آخری اوور میں 144 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی اور فہیم اشرف تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ حارث رؤف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف چوتھے اور آخری ٹی20 میچ میں ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی البتہ میزبان ٹیم نے اپنی فائنل الیون میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔

بیورن ہینڈرکس اور پیٹ وین بلجون کی جگہ ویاب ملڈر اور بجورن فورٹوئن کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

پاکستان کو چار میچوں کی سیریز میں 1-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: بابر اعظم(کپتان)، فخر زمان، حیدر علی، محمد رضوان، محمد حفیظ، آصف علی، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف۔

جنوبی افریقہ: ہنری کلاسن(کپتان)، جینمن ملان، ایڈن مرکرم، راسی وین ڈر ڈوسن، بجورن فورٹوئن، جیارج لنڈے، ایندائل فلکوایو، سیسانڈا مگالا، ویان ملڈر، لیزاڈ ولیمز اور تبریز شمسی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں