شرجیل کی شاندار سنچری، کراچی کنگز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو بڑا ہدف

شرجیل کی شاندار سنچری، کراچی کنگز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو بڑا ہدف

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021 کے چھٹے سیزن کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کراچی کنگز نے بابراعظم اور شرجیل خان کی شان دار بیٹنگ اور ریکارڈ شراکت کی بدولت مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں پر 196 رنز بنا لیے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

کراچی کے بابر اعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا اور زمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور آگے بڑھایا۔

ابتدا میں دونوں بلے بازوں نے محتاط کھیل پیش کیا لیکن پھر دونوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے اسکور کو تیزی سے آگے بڑھایا اور دونوں اوپنرز نے نصف سنچریاں بنائیں۔

کراچی کنگز کی جانب سے پی ایس میں 100 رنز سے زائد کی یہ تیسری شراکت ہے، اس دورا ن شرجیل خان نے 32 گیندوں میں نصف سنچری بنائی، الیکس ہیلز نے ان کا کیچ اس وقت گرایا جب وہ 70 رنز بنا چکے تھے۔

بابراعظم نے دوسرے اینڈ سے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی اور 13 ویں اوور میں 39 گیندوں پر چھکے کے ساتھ نصف سنچری مکمل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ باؤلر نے شرجیل کو 126 کے مجموعے پر آؤٹ کردیا تھا اور اس وقت وہ 70 رنز پر کھیل رہے تھے لیکن امپائر نے نشان دہی کی کہ یہ نو بال جس پر وہ بیٹنگ کے لیے واپس آگئے۔

یونائیٹڈ کے باؤلرز نے نوبالز کا سلسلہ جاری رکھا اور بابر اعظم کو نو بال پر دو مواقع فراہم کردیے، جس کے نتیجے میں پی ایس ایل کی سب سے بڑی شراکت 159 رنز بنائے، جو اس سے قبل ملتان سلطانز کے پاس تھا۔

شرجیل خان نے مواقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور لیگ میں اپنی دوسری سنچری مکمل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلی وکٹ کے حصول کے لیے طویل انتظار کرنا پڑا اور 176 کے مجموعے پر الیکس ہیلز نے بابراعظم کا ایک اورکیچ گرا دیا لیکن اس مرتبہ انہوں نے رن آؤٹ کردیا۔

بابر اعظم کی 62 رنز کی اننگز شرجیل خان کے ساتھ پی ایس ایل کی ریکارڈ 176 رنز کی شراکت کے بعد اختتام کو پہنچی۔

حسن علی نے دوسری ہی گیند پر شرجیل خان کو ایل بی ڈبلیو کرکے مسلسل دوسری وکٹ گرادی، شرجیل 59 گیندوں پر 105 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، جس میں 9 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔

کراچی کنگز نے 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 196رنز بنا لیے۔

خیال رہے دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اپنے پہلے میچز میں کامیابی حاصل کر چکی ہیں اور دونوں ٹیموں نے اس میچ کے لیے کوئی تبدیلیاں نہیں کی ہیں۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ اچھی ہے جبکہ ہماری باؤلنگ لائن مضبوط ہے اور ہمیں زیادہ سے زیادہ رنز اسکور کرکے اچھی باؤلنگ کرنی ہوگی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ ہمیں باؤلنگ میں زیادہ محنت کرنی پڑے گی اور کراچی کو کم سے کم رنز تک محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔

دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان (کپتان)، ایلکس ہیلز، فِل سالٹ، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، لیوس گریگری، فہیم اشرف، حسن علی، ظفر گوہر اور محمد وسیم

کراچی کنگز: عماد وسیم (کپتان)، بابر اعظم، شرجیل خان، کولن انگرام، جو کلارک،محمد نبی، ڈینیئل کرسچن، عامر یامین، وقاص مقصود، محمد عامر اور ارشد اقبال

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں