کھیلوں کی خبریں

عالمی کرکٹ پر ششانک منوہر کی حکمرانی کا آخرکار ہوگیا خاتمہ، نیا چیئرمین کون؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

عالمی کرکٹ پر ششانک منوہر کی حکمرانی کا آخرکار اختتام ہوگیا تاہم 4 برس تک بطورآئی سی سی چیئرمین ذمہ داری انجام دینے کے بعد وہ سبکدوش ہوگئے۔

بھارت سے تعلق رکھنے والے ششانک منوہر بطور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل چیئرمین2، 2 برس کی 2 ٹرمز مکمل کرنے کے بعد گذشتہ روز سبکدوش ہوگئے، آئی سی سی بورڈ کا بدھ کواجلاس ہوا جس میں ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کو نئے چیئرمین کے انتخاب تک ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا گیا،انتخابی عمل کی منظوری آئی سی سی بورڈکی جانب سے آئندہ ہفتے دی جائے گی۔

چیف ایگزیکٹیو مانو ساہنی نے آئی سی سی بورڈ، اسٹاف اور تمام کرکٹ برادری کے توسط سے ششانک منوہر کا ذمہ داریاں بااحسن طریقے سے سرانجام دینے پر شکریہ ادا کیا۔

ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ نے کہاکہ آئی سی سی بورڈ میں شامل تمام افراد دل کی گہرائیوں سے منوہر کی خدمات کے معترف اور ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں، وہ کرکٹ اور آئی سی سی کو اس پوزیشن سے کہیں بہتر چھوڑ کر جا رہے ہیں جوانھیں ملی تھی۔

واضح رہے کہ نئے چیئرمین کیلیے سابق سربراہ انگلش بورڈ کولنگریویس مضبوط امیدوار ہیں، ویسٹ انڈین بورڈ کے سابق صدر ڈیوکیمرون بھی دوڑ میں شامل ہونے کا اعلان کرچکے، ادھر بھارتی کرکٹ بورڈ کے موجودہ صدر اور سابق کپتان ساروگنگولی کا بھی اس ذمہ داری کو سنبھالنے کیلیے نام لیا جا رہا ہے۔

Related Articles

Back to top button