کھیلوں کی خبریں

پاکستان کا دورہ انگلینڈ، حفاظتی خدشات کیوں؟

چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) وسیم خان نے کہا ہے کہ دورہ انگلینڈ کے لیے کھلاڑیوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ایس او پیز تیار کررہے ہیں۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا اےآر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 5سالہ پلان کو مؤثر بنانے کے لیے مانیٹرنگ سسٹم بنایا ہے، 5سالہ پلان پر عمل درآمد کی ہرماہ مانیٹرنگ ہوگی، پلان پر کوتا ہی برتنے والوں کا احتساب بھی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہائی پرفارمنس سینٹر میں کھلاڑیوں اور سابق کرکٹرز کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، دورہ انگلینڈ کے لیے کھلاڑیوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کا دورہ کرنے کا اصولی فیصلہ ہوچکا ہے، پی سی بی اور ای سی بی دورے کے لیے ایس اوپیز تیار کررہے ہیں، گورننگ بورڈ اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ 28جون کو قومی کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ روانگی ممکن ہے، انگلش بورڈ کا جیٹ طیارہ 26 جون کو پہنچنے گا، حتمی شیڈول آئندہ ایک 2روز میں انگلش بورڈ جاری کرے گا۔ 22 جون کو کھلاڑیوں کے کروناٹیسٹ لاہور،کراچی، اسلام آباد اور پشاور میں ہوں گے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 5 اگست کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔

قومی ٹیم دوسرا، تیسرا ٹیسٹ اور ٹی ٹوینٹی سیریز ساؤتھمپٹن میں کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوینٹی سیریز 28 اگست سے یکم ستمبر تک کھیلی جائے گی۔

Related Articles

Back to top button