کھیلوں کی خبریں

عمران خان کی ٹیم خیبرپختونخوا میں کارکردگی نہیں دکھا سکی، شاہد آفریدی کا سیاست میں آنے سے متعلق اعلان

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی سیاسی ٹیم خیبرپختونخوا میں کارکردگی نہیں دکھا سکی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سات سال سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے لیکن صوبے میں عمران خان کے ویڑن کے مطابق کام نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں پولیس اور صحت کے محکمے بہتر ہوئے ہیں لیکن انفراسٹرکچر بہتر کرنے کی ضرورت ہے کیوں کہ پہیہ چلے گا تو کام ہوگا۔ وہاں کی عوام نے عمران خان کو دوبارہ مینڈیٹ دیاہے۔ ان کے پاس اب موقع ہے کہ ڈیلیورکر کے دکھائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاست میں آنا ہوتا تو بہت پہلے آچکا ہوتا کیوں کہ بہت ساری جماعتیں پیشکش کر چکی ہیں۔ سیاستدان کا کام ہے حق دار کو اس کا حق دینا اور وہ میں کر رہا ہوں۔  وزیراعظم کی کرسی کوئی مذاق نہیں، یہ بہت مشکل کام ہے۔ اگر وہ وزیراعظم ہو تے توموجودہ صورتحال میں تمام اپوزیشن کو ساتھ لیکرچلتا کیونکہ گھر کا جو بڑا ہوتا ہے وہ بندوق نہیں اٹھاتا بلکہ سب کو ساتھ لیکرچلتا ہے۔

خیال رہے کہ شاہد آفریدی نے جب سے فلاحی کاموں میں بڑ ھ چڑھ کر حصہ لینا شروع کر دیا ہے تب سے پاکستان میں ایک بحث شروع ہوچکی ہے کہ شاہد آفریدی کو پاکستانی سیاست میں پلانٹ کرنا شروع کر دیا گیا ہے اور آنے والے وقتوں میں وہ پاکستان کے وزیر اعظم بن سکتے ہیں، تاہم اب اس حوالے سے شاہد آفریدی نے واضح کر دیا ہے کہ وہ سیاست میں نہیں آنا چاہتے وہ صرف پاکستانیوں کی خدمت کرنا چاہتے ہیں اور اس سے زیادہ کچھ بھی نہیں۔

یہ بحث اس وقت زور پکڑ گئی تھی جب شاہد آفریدی نے آزاد کشمیر کے علاقوں میں لاک ڈاؤن کے دوران فلاحی سرگرمیوں کا آغاز کیا تھا اور سا تھ ہی کشمیر میں کھڑے ہوکر مودی سرکار کو للکار بھی دیا تھا۔

Related Articles

Back to top button