ویمن ٹی20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے پاکستان کو کامیابی سے محروم کر دیا

ویمن ٹی20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 42 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں لگاتار دوسری کامیابی کے حصول سے محروم کردیا۔

کینبرا میں کھیلے گئے گروپ بی کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تو ڈیانا بیگ نے قومی ٹیم کو پہلے ہی اوور میں کامیاب دلا دی۔

اس کے بعد دانی ویاٹ اور نٹالی سیور نے 43رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور کو 47تک پہنچا دیا، اس موقع پر دانی ویاٹ 16رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔

نٹالی سیور اور کپتان ہیتھر نائٹ نے اسکور کو 81 تک پہنچایا ہی تھا کہ عالیہ ریاض نے تیسری وکٹ حاصل کرتے ہوئے سیور کی 36رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

تاہم دوسرے اینڈ سے نائٹ نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا 62رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ فرین ولسن کے ساتھ 57رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی اچھے مجموعے تک رسائی یقینی بنائی۔

انگلینڈ ویمن ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 158رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے ایمن انور 3وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہیں جبکہ ندا ڈار نے دو شکار کیے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح ناکامی سے دوچار ہوئی اور ایک مرحلے پر پاکستانی ٹیم 62رنز پر 6وکٹیں گنوا بیٹھی تھی لیکن اس موقع پر عالیہ ریاض نے 41رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کی سنچری مکمل کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان کی پوری ٹیم 116رنز پر ڈھیر ہو گئی اور انگلینڈ کی ویمن ٹیم نے میچ میں 52رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔

انگلینڈ کی جانب سے آنیا شربسول اور سارہ گلین نے تین، تین جبکہ کیتھرین برنٹ اور صوفی اکلیسٹون نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی کپتان ہیتھر نائٹ کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یاد رہے کہ ویمن ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں