نسیم شاہ اور حسن علی کے حوالے سے شائقین کرکٹ کیلئے بڑی خوشخبری

حسن علی اور نسیم شاہ کی فٹنس پر چھائے شکوک کے بادل چھٹ گئے، پی سی بی کے میڈیکل پینل نے دونوں بولرز کوکلیئرنس دے دی ہے۔

حسن علی کمر کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورمیں بحالی فٹنس کا پروگرام مکمل کرنے کیلیے پریکٹس کے دوران پسلیوں میں فریکچر کی شکایت سامنے آئی، یوں انھیں مزید میدانوں سے دور رہنا پڑا۔

فٹنس کی بحالی کے طویل عمل سے گزرنے کے بعد حسن علی بنگلادیش سے سیریز کی تیاری کرنے والے منتخب قومی کرکٹرز کے ساتھ بولنگ پریکٹس بھی کرتے رہے، مگر مسابقتی کرکٹ سے دور رکھا گیا۔

دوسری جانب نسیم شاہ بنگلادیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے میں تو کامیاب ہوئے لیکن پسلیوں میں تکلیف محسوس کرنے پر احتیاط برتتے ہوئے انھیں میدان میں اتارنے سے گریز کیا گیا تھا۔ بعد ازاں اسکین میں کوئی سنگین مسئلہ سامنے نہیں آیا تاہم انھیں آرام کا کہا گیا تھا۔

پی سی بی کے مطابق فٹنس کا جائزہ لیتے ہوئے میڈیکل پینل نے انھیں مکمل طور پر فٹ قرار دے دیا ہے، دونوں 20 فروری سے شروع ہونے والی پی ایس ایل 5 کے دوران ایکشن میں نظر آئیں گے۔

یاد رہے کہ سینئر پیسر حسن علی پشاور زلمی جبکہ نسیم شاہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ میں شامل ہیں، دونوں سے فرنچائز ٹیموں کی بلند توقعات وابستہ ہیں، عمدہ کارکردگی انھیں رواں سال اکتوبر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کا پروانہ دلا سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں