کھیلوں کی خبریں

راولپنڈی اسٹیڈیم میں سجنے والا ہے میلا، پی سی بی نے آخری کچھ گھنٹوں میں کردیئے اہم اعلانات

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میچ کے کامیاب انعقاد کے لیے کمنٹری پینل اور براڈ کاسٹ پلان کا اعلان کردیا ہے۔

11دسمبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کی براڈ کاسٹ کوریج ٹین اسپورٹس کے اشتراک سے ممکن ہوگی۔

23 مختلف ایچ ڈی کیمروں کی مدد سے تیار پروڈکشن کھیل کے مداحوں کو ٹی وی اسکرین سے جوڑے رکھے گی۔ جن میں دو سپر سلو اسپن ویژن کیمراز سمیت ایک الٹر ہائی اسپیڈ کیمرہ بھی شامل ہے۔ سیریز کے دوران اسٹمپ کیمراز اور ہاک آئی بال ٹرینکنگ سمیت جدید پروڈکشن کا یہ نظام امپائرز کو ڈی آر ایس کے فیصلوں میں بھی معاونت فراہم کرے گا۔

دن کے آغاز سے قبل اور اختتام پر اسٹریٹ ڈرائیو شو کے ذریعے دن بھر کے کھیل پر تجزیہ کیا جائے گا۔

ستاروں سے بھری کہکشاں سیریز کے دوران کمنٹری کے فرائض انجام دے گی۔ سابق قومی کرکٹر رمیز راجہ، رسل آرنلڈ، روشان ابے سنگھے،ڈینی موریسن اور بازید خان بطور کمنٹیٹر سیریز کے دوران میدان میں ہر لمحہ بدلتی صورتحال پر تبصرہ کریں گے۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کو دنیا بھر کے مداحوں تک پہنچانے کے لیے انتہائی پیشہ ور اسٹاف بھی براڈ کاسٹ کریو میں شامل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15دسمبر تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی جبکہ دوسرا 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا

Related Articles

Back to top button