کھیلوں کی خبریں

پی سی بی کو ایک بار پھر فواد عالم کی یاد ستانے لگی، بری خوشخبری متوقع

سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی ہوم سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان ہفتے کو کیا جائے گا جہاں آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں ناقص کارکردگی کے بعد قومی ٹیم میں 3 سے 4 تبدیلیاں متوقع ہیں۔

پاکستان کو دورہ آسٹریلیا میں متواتر ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا اور ٹی20 سیریز 0-2 سے ہارنے کے بعد آسٹریلیا نے ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیم کو تختہ مشق بناتے ہوئے دونوں میچوں میں اننگز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 سے کلین سوئپ کیا۔

اس بدترین کارکردگی کے بعد شائقین کرکٹ کے مطالبات اور کھلاڑیوں کی ناقص پرفارمنس کے نتیجے میں سری لنکا کے خلاف 2 میچوں کی ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں متوقع ہیں۔

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان ہفتہ کو کیا جائے گا اور قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق ٹیم کا اعلان کریں گے۔

سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے نسیم شاہ کو انڈر19 ورلڈ کپ کے لیے ریلیز کیے جانے کا امکان ہے جبکہ موسیٰ خان کو بھی اسکواڈ سے ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ اوپنر امام الحق کی بھی ٹیم سے چھٹی متوقع ہے جبکہ دونوں ٹیسٹ میچوں میں ناکام رہنے والے افتخار احمد کو بھی ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانے والے فواد عالم کی قسمت بالآخر کھلنے کا امکان ہے اور دورہ سری لنکا کے لیے انہیں پاکستانی اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ رواں سال قائد اعظم ٹرافی میں سب سے زیادہ 864رنز بنانے والے اوپننگ بلے باز سمیع اسلم کو بھی عمدہ کارکردگی کا صلہ قومی ٹیم میں شمولیت کی صورت میں دیا جائے گا۔

نسیم شاہ کی جگہ اسکواڈ میں فاسٹ باؤلر راحت علی کی شمولیت متوقع ہے جبکہ موسیٰ خان کو ڈراپ کیے جانے کی صورت میں احسان عادل یا میر حمزہ کو ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

سری لنکا کی ٹیم 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی جس کے ساتھ ہی پاکستان میں 10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہو گی۔

Related Articles

Back to top button