13

 وسیم اکرم نے اہلیہ شنیرا اکرم کے متعلق ایسا کیوں کہہ دیا کہ پورے پاکستان کو آپ پر فخر ہے؟

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے اہلیہ شنیرا اکرم کو ملک میں سماجی خدمات سرانجام دینے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘مجھے اور پورے پاکستان کو آپ پر فخر ہے’۔

وسیم اکرم کی آسٹریلوی اہلیہ و سماجی کارکن شنیرا اکرم نے حال ہی میں سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کیا تھا کہ انہیں غریبوں کو آنکھوں کے امراض کا مفت علاج فراہم کرنے والی عالمی این جی او فریڈ ہالوز کی پاکستانی سفیر مقرر کیا گیا ہے۔

 

اپنی ایک ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ بینائی لوٹانے سے بڑا کوئی بھی تحفہ نہیں ہوسکتا، بصارت سے محروم لوگوں کے لیے چیچہ وطنی میں فریڈ ہالوز کے ساتھ کام کرنے پر خوشی ہے۔

اس پر وسیم اکرم نے اہلیہ کی ٹوئٹ کے جواب میں ان کی خوب تعریف کی اور انہیں ایمبسڈر بننے کی مبارک باد بھی پیش کی۔

مذکورہ ٹوئٹر پوسٹ میں وسیم اکرم نے لکھا کہ ’مجھے اور پورے پاکستان کو آپ پر فخر ہے، میرے ملک کو اتنا ہی پیار دینے کا بہت شکریہ جتنا مجھے کرتی ہیں۔‘

واضح رہے کہ شنیرا اکرم کراچی سے گندگی اور ماحولیاتی آلودگی دور کرنے کے لیے بھی متحرک ہیں اور وہ اس بارے میں آگاہی کے لیے ہر ممکن کوشش کررہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں