کھیلوں کی خبریں

آسٹریلوی بلے بازوں نے پاکستانی بولرز کے چھڑا دیئے چھکے، رنز کے کھڑے کر دئیے پہاڑ

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پنک بال ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں میزبان ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر کینگروز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 302 رنز بنا لیے ہیں۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان ٹم پین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 70 رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ کو روک دیا گیا۔ بارش رکنے کے بعد میچ کا دوبارہ آغاز ہوا لیکن کھیل کے اختتام تک پاکستانی بولرز کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

آسٹریلیا کے واحد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جو برنس تھے جو 4 رنز بنا کر شاہن آفریدی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔

پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو ڈیوڈ وارنر 166 اور مارنس لبوشین 126 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے اور دونوں کے درمیان 294 رنز کی شراکت قائم ہو چکی ہے۔

آسٹریلیا نے اپنی ٹیم کو برقرار رکھا ہے جب کہ پاکستانی ٹیم میں دوسرے ٹیسٹ کے لیے تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

19 سالہ فاسٹ بولر محمد موسیٰ اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں، انہیں نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ محمد موسیٰ کو سابق کپتان وسیم اکرم نے ٹیسٹ کیپ پہنائی۔

حارث سہیل اور عمران خان کی جگہ امام الحق اور محمد عباس کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو ایک اننگز اور 5 رنز سے شکست دی تھی۔

Related Articles

Back to top button