کھیلوں کی خبریں

برسبین ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے بیٹسمینوں کے سامنے پاکستانی بولرز بے بسی کی تصویر دیکھتے رہے۔۔۔ 72 رنز کی برتری

آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں کھیل کے دوسرے دن ایک وکٹ کے نقصان پر 312 رنز بنائے اور پاکستان پر 72 رنز کی برتری بھی حاصل کرلی ہے۔

برسبین میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور جوئے برنس نے کیا، دونوں اوپنرز نے انتہائی پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا جب کہ پاکستانی بولرز آسٹریلوی اوپنرز کے سامنے بے بس نظر آئے، دونوں اوپنرز کے درمیان 222 رنز کی اوپننگ شراکت قائم ہوئی جس کے بعد جوئے برنس یاسر شاہ کی گیند پر 97 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

جوئے برنس کے آؤٹ ہونے کے بعد اوپنر ڈیوڈ وارنر نے اپنی سنچری مکمل کی جس کے باعث آسٹریلوی ٹیم نے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 312 رنز بنالیے ہیں جب کہ کینگروز کو پاکستان پر 72 رنز کی برتری بھی حاصل ہے، اوپنر ڈیوڈ وارنر151 جب کہ ون ڈاؤن آنے والے لابوشانے 55 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

 قومی ٹیم گزشتہ روز ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں صرف 240 رنز ہی بناسکی تھی، پاکستان کی جانب سے اسد شفیق نے سب سے زیادہ 76 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 4، پیٹ کمنز نے3، ہیزل ووڈ نے 2 جب کہ نیتھن لیون نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

Related Articles

Back to top button