کھیلوں کی خبریں

سرفراز احمد قومی کرکٹ ٹیم سے باہرمگر کیوں؟ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے اندر کی بات سے پردہ اٹھا دیا

سرفراز احمدکو بطور کھلاڑی بھی قومی کرکٹ ٹیم سے کیوں نکالا گیا؟ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے اصل وجہ بتادی ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ سرفراز کو باہر کرنے کا فیصلہ ٹیم کے بہترین مفاد میں کیا گیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ سرفراز کی فارم اور اعتماد میں کمی صاف دکھائی دیتی ہے ، انھیں پچھلی کچھ سیریز میں خراب پرفارمنس کی وجہ سے ڈراپ کیا گیا ہے۔ احسان مانی کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے دوری انھیں موقع فراہم کرے گی کہ وہ اپنی فارم اور ٹیم میں جگہ دوبارہ حاصل کرسکیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے خراب پرفارمنس پر سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کی قیادت سے ہٹا کر اظہر علی اور بابر اعظم کو کپتان مقرر کر دیا ہے۔ ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان کا اعلان یہ کہہ کر نہیں کیا گیا کہ ون ڈے سیریز اگلے برس جولائی میں نیدر لینڈز کے خلاف شیڈول ہے اس لیے اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیدرلینڈز کے خلاف ون ڈے سیریز میں بابر اعظم ہی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹانا مشکل فیصلہ تھا، سرفراز احمد نے بطور کھلاڑی اور کپتان عمدہ کارکردگی دکھائی تاہم ان کی حالیہ ناقص کارکردگی اوراعتماد میں کمی کے باعث یہ فیصلہ ٹیم کی بہتری کیلئے کیا گیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد ایک بہادر کھلاڑی ہیں ، امید ہے وہ جلد قومی کرکٹ ٹیم کے رنگوں میں رنگے دکھائی دیں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی اورٹی ٹوئنٹی کے کپتان بابراعظم کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کرکٹ میں سب سے اہم ذمہ داری ہے جو دونوں کھلاڑیوں کو مسلسل نمایاں کارکردگی دکھانے اور انتھک محنت کے نتیجے میں ملی ہے۔

Related Articles

Back to top button