کھیلوں کی خبریں

کیا آپ کپتان سرفراز احمد کی اس انوکھی دلیل سے اتفاق کرتے ہیں؟ ‘کیچز چھوڑا لیکن اس کا ٹیم کو نقصان نہیں ہوا’

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ مانتا ہوں کیچ چھوڑا لیکن اس کا ٹیم کو نقصان نہیں ہوا۔

سری لنکا کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سوئپ ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہم نے بطور کپتان اور ٹیم اچھی کرکٹ نہیں کھیلی، کھلاڑی وہی ہیں ممکن ہے آئندہ بھی کھلاڑی وہی ہوں،بس کلک نہیں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں صورتحال کے مطابق بیٹنگ کیلئے آیا تھا، اگر میدان میں کھلاڑی پرفارم نہیں کررہے تو مینجمنٹ کا قصور نہیں ہوتا، اچھا بُرا وقت سب پر آتا ہے، ہم اچھا نہیں کھیل رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فیلڈنگ سب کے سامنے ہے، 4 آؤٹ کے بعد اتنے رنز نہیں ہونے چاہیے تھے، مانتا ہوں میں نے کیچ چھوڑا لیکن اس کا ٹیم کو نقصان نہیں ہوا۔

علاوہ ازیں ٹیم کی شکست پر سرفراز احمد نے کہا کہ بولنگ اچھی ہوئی لیکن بیٹنگ کا آغاز اچھا نہیں ہوا، ایک کے بعد ایک وکٹیں گرنے سے بھی میچ سے باہر ہوگئے، سیریز میں تینوں شعبوں میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ فیلڈنگ میں بہت محنت کی ضرورت ہے، ایسی فیلڈنگ سے میچ نہیں جیت سکتے۔

یاد رہے کہ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا نے جیت کیلئے پاکستان کو 148 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پاکستان ٹیم 134 رنز بناسکی اور یوں سیریز 0-3 سے سری لنکا کے نام رہی۔

پاکستان ٹیم ٹی20 فارمیٹ میں پہلی مرتبہ کوئی سیریز تین صفر سے ہاری ہے۔

Related Articles

Back to top button