کھیلوں کی خبریں

فاسٹ بولر حسنین نے ٹی20 کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

سری لنکا کے خلاف پلے ٹی20 میچ میں محمد حسنین نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کر لیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے ابتدائی اوورز محمد حسنین کے لیے زیادہ اچھے ثابت نہ ہوئے اور وہ نسبتاً مہنگے ثابت ہوئے۔

تاہم فاسٹ باؤلر نے میچ کے 16ویں اور اپنے تیسرے اوور کی آخری گیند پر بنوکا راجا پکسے کو آؤٹ کر کے اپنی پہلی وکٹ حاصل کی۔

اس کے بعد اگلے اوورز فہیم اشرف اور محمد عامر نے کیے جس کے بعد سرفراز احمد 19ویں اوور میں حسنین کو دوبارہ باؤلنگ کے لیے لے کر آئے۔

حسنین نے اپنے چوتھے اوور کی پہلی گیند پر 17 رنز بنانے والے سری لنکن کپتان داسن شناکا اور شیہان جے سوریا کو آؤٹ کر کے اپنے کیریئر کی پہلی انٹرنیشنل ہیٹ ٹرک کرنے کا کارنامہ انجام دے دیا۔

حسنین کا عالمی ریکارڈ

اس شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت محمد حسنین نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا اور ٹی20 انٹرنیشنل میں ہیٹ ٹرک کرنے والے سب سے کم عمر باؤلر بن گئے۔

ٹی20 کرکٹ میں اب تک 9 ہیٹ ٹرک کی جا چکی ہیں جہاں پہلی ہیٹ ٹرک عظیم آسٹریلین فاسٹ باؤلر بریٹ لی نے کی تھی۔

ٹی20 کرکٹ میں سری لنکا کے لاستھ ملنگا واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے دو انٹرنیشنل ہیٹ ٹرک کیں جبکہ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف کے بعد حسنین ہیٹ ٹرک کرنے والے دوسرے پاکستانی باؤلر ہیں۔

محمد حسنین ناصرف پاکستان بلکہ ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر باؤلر بن گئے، انہوں نے 19 سال اور 183دن کی عمر میں ہیٹ ٹرک کر کے یہ اعزاز حاصل کیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ میں مجموعی طور پر سب سے کم عمر میں ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز بھی پاکستان کے عاقب جاوید کے پاس ہے جنہوں نے 1991 میں شارجہ کے مقام پر بھارت کے خلاف کھیلے گئے ون ڈے میچ میں 19سال 81دن کی عمر میں ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی اور 28سال گزرنے کے باوجود ان کا یہ ریکارڈ اب تک قائم ہے۔

اب ٹی20 کرکٹ میں سری لنکا کی جانب سے لاستھ ملنگا اور تھسارا پریرا سمیت سب سے زیادہ تین ہیٹ ٹرک کی گئیں جبکہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی جانب سے دو، دو اور آسٹریلیا اور افغانستان کی جانب سے ایک، ایک ہیٹ ٹرک کی گئی ہے۔

Related Articles

Back to top button