کھیلوں کی خبریں

امریکی باکسر ایڈرین برونر کا باکسنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

زوال کا شکار ہوتے کرئیر کو اختتام پذیر کیا امریکی باکسر ایڈرین برونر نے باکسنگ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔۔

وفا عباس  (سچ ٹی وی اسلام آباد): دی پرابلم کے نام سے پہچان کرانے والے امریکی باکسر ایڈرین برونر نے باکسنگ سے ریٹائیرمنٹ کا اعلان کردیا۔ بظاہر ان کا گیارہ سالہ پروفیشنل کرئیر اب زوال کا شکار ہوچکا تھا خاص طور پر جنوری میں فلپینی باکسر مینی پاکیئو سے شکست کھانے کے بعد۔ اگر ایڈرین کے سابقہ کرئیر کا جائزہ لیا جائے تو 2008 سے انھوں نے پروفیشنل فائیٹس کا آغاز کیا اور 2010 سے 2012 تک بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اعلیٰ درجے کی فائیٹس کیں تاہم اس کے بعد ان کے اکاونٹ میں کوئی ایسا بڑا کارنامہ نہیں ہے۔

30 سالہ ایڈرین برونر فور ڈویژن ورلڈ چمپئین رہ چکے ہیں اور باکسنگ ناقدین کے بقول اپنی جن چار فائیٹس کو وہ اہم معرکے کے طور پر بیان کرتے ہیں ان میں انکا سامنا بظاہر کمزور اور کم معروف باکسرز سے ہوا۔ ایڈرین کے حوالے سے شائقین اور ناقدین باکسنگ کی ایک بہت بڑی تعداد نے یہ الزام بھی لگایا کہ 2017 میں ان کے مدمقابل گرانڈوس کو محض اس لئے ہرا دیا گیا کیونکہ فائیٹ ایڈرین کے ہوم ٹاون اوہائیو میں منعقد ہوئی تھی اور ججز نے ایڈرین کو اس بات کا فائدہ دیتے ہوئے فیصلہ ایڈرین کے حق میں دیا۔

ایڈرین برونر کے ریٹائیرمنٹ کے اعلان کے بعد سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ برونر مزید فائیٹس بھی لڑ سکتے تھے اور مزید بیلٹس بھی جیت سکتے تھے تاہم انھوں نے کیٹاگریز تبدیل کرنے اور پھر اس میں جلد بازی کرکے غلط فیصلہ لیا اسی وجہ سے ایک طویل مدت تک وہ کوئی فائیٹ بھی جیتنے میں ناکام رہے۔ بہرحال ریٹائیرمنٹ کے اعلان کے بعد لگتا ہے کہ ایڈرین ’’دی پرابلم‘‘ برونر کی اپنی کئی پرابلمز بھی ختم ہوگئی ہونگی۔

Related Articles

Back to top button