پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اوپنگ بلے باز ٖفخر زمان کے مداحوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان کو فٹ قرار دیدیا گیا ہے اور وہ کل سے شروع ہونے والے قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کیلئے دستیاب ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق فخر زمان گزشتہ ماہ پری سیزن کیمپ میں دائیں گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہو گئے تھے۔ پری سیزن کیمپ کے پہلے ہفتے میں فخر زمان نے فزیکل فٹنس کیلئے کئے جانے والے ڈرلز اور سیشنز میں حصہ لیا لیکن وہ تربیتی کیمپ میں شریک نہ ہو سکے۔ اس دوران فخر زمان کا سکین کرایا گیا اور رپورٹ کی روشنی میں فخر زمان کو دس روز آرام تجویز کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مکمل آرام کے بعد فخر زمان کی انجری کا دوبارہ جائزہ لیا گیا جس کے بعد پی سی بی میڈیکل کمیٹی اور فزیو نے فخر زمان کو فٹ قرار دیا ہے اور انہیں ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینے کی بھی اجازت دے دی ہے۔ فخر زمان خیبر پختوانخواہ ٹیم میں شامل ہیں اور نادرن ٹیم کے خلاف میچ کیلئے دستیاب ہوں گے۔ خیبر پختونخواہ اور نادرن کی ٹیمیں کل ایبٹ آباد میں مد مقابل ہوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں