کشمیر میں مودی حکومت کا رویہ قابل نفرت ہے: غلام سرور خان

وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ کشمیر میں مودی حکومت کا رویہ قابل نفرت ہے، کشمیر میں بھارتی جارحیت کی وجہ سے بھارتی صدر رام ناتھ کو پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔

وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے بھارتی اخبار دی ہندو کو انٹرویو میں کہا کہ تمام متعلقین سے بات کر کے بھارتی صدر کے لیے فضائی حدود بند کی، وی وی آئی پی کے علاوہ بھارتی ایئرلائنز کے لیے فضائی حدود بند کرنا بھی زیر غور ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے یوم دفاع کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا ہے، کرفیو کے ذریعے کشمیریوں کو ہر طرح کی بنیادی سہولیات سے روکا گیا ہے، ہم کیسے یہ سب کچھ برداشت کر سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ بھارت ابھی بھی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے اس لیے وفاقی کابینہ اور پارلیمنٹ بھی بھارت کو مزید رعایت دینے کے لیے راضی نہیں ہے، غلام سرور نے مزید کہا کہ جولائی میں پاکستان نے خیر سگالی کے جذبے کے تحت فضائی حدود کو کھولا لیکن بھارت نے اس کو ہماری کمزوری سمجھا، بھارتی رویہ اب ناقابل برداشت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں