یوم دفاع پر صدرمملکت اور وزیراعظم عمران خان کا قوم کے نام پیغام

یوم دفاع پاکستان کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے قوم کے نام الگ الگ پیغامات دیے ہیں۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر قومی ولولوں کی یاد تازہ کرنے کا یوم تجدید عہد ہے، 54 سال پہلے پاک فوج نے قوم کے شانہ بشانہ دشمن کےعزائم کو ناکام بنایا۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہماری مسلح افواج جدت کے ساتھ ساتھ جذبہ حب الوطنی سے لیس ہیں، ہماری مسلح افواج ہر قسم کے چیلننجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاک فوج بیرونی مہم جوئی کو ناکام بنانے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج کے دن عہد کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلا کر رہیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہے، دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستانی جنگ نہیں چاہتے۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ اپنی سلامتی اور خودمختاری پر سمجھوتا نہیں کریں گے، دشمن کو بھر پورردعمل دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

یوم دفاع پر وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد جائیں گے جہاں وہ کشمیری شہدا کے حوالے سے تقریب سے خطاب کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں