پاکستانی خبریں

مسلم امہ مسلہ کشمیر کے حل کے لئے کردار ادا کرے: وزیر خارجہ

سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ اور عرب امارات کے وزیر خارجہ نے وفود کے ہمراہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی اور اماراتی ہم منصب کو 5 اگست کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے یکطرفہ، غیر قانونی اقدامات اور ان کے مضمرات سے آگاہ کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے یہ یکطرفہ اقدامات نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے بھی منافی ہیں۔ ہندوستان نے گزشتہ ایک ماہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لاکھوں مسلمانوں کو مسلسل کرفیو کے ذریعے یرغمال بنا رکھا ہے۔ صورتحال اس قدر تشویشناک ہے کہ خوراک اور ادویات تک میسر نہیں ہو رہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمان بھارتی استبداد سے نجات پانے کیلئے عالمی برادری بالخصوص مسلم امہ کی طرف نظریں جمائے ہوئے ہے۔

بعد ازاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب اور یو اے ای کے وزرا خارجہ نے کشمیر سے متعلق صورتحال پر ہمارے موقف کو سمجھا ہے۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ او آئی سی کا باقاعدہ اجلاس بلانے کیلئے سوچ بچار کر رہے ہیں جس کیلئے سعودی اور یو اے ای کی حمایت بہت ہی اہم ہے۔ سعودی عرب اور یو اے ای کے مندوبین جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے اجلاس میں پاکستان کی حمایت کریں گے۔

Related Articles

Back to top button