پاکستانی خبریں

وزیراعظم عمران خان نے گیس انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سیس کے حوالے سےبڑا فیصلہ سنا دیا، مزید جانیے اس خبر میں

وزیراعظم عمران خان نے گیس انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سیس (جی آئی ڈی سی) کے حوالے سے صدراتی آرڈیننس واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے حالیہ تنازعے پر شفافیت یقینی بنانے کیلئے آرڈیننس واپس لینے کا فیصلہ کیا اور اٹارنی جنرل کو جی آئی ڈی سی معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ آرڈیننس کا مقصد عدالت کے باہر مذاکرات کے ذریعے 50 فیصد رقم وصول کرنا تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم قوم کو بتانا چاہتے ہیں کہ عدالت جانے سے فیصلہ خلاف آنے کا بھی خطرہ ہے، سپریم کورٹ نے جی آئی ڈی سی کو غیرقانونی قراردیا تھا اور وفاقی حکومت کی نظرثانی درخواست بھی خارج کردی تھی۔ ترجمان کے مطابق نئی قانون سازی کی گئی جس کو صوبائی ہائیکورٹس میں چیلنج کیا گیا، سپریم کورٹ میں بھی مختلف اپیلیں زیر التواء ہیں۔

اٹارنی جنرل کو جلد سماعت کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں صدارتی آرڈیننس کے ذریعے گیس ڈیولپمنٹ سرچارج کی مد میں 208 ارب روپے معاف کیے گئے تھے جس پر گزشتہ روز وفاقی کابینہ میں بھی وزراء نے اعتراض اٹھایا تھا جنہیں مشیر خزانہ نے بریفنگ دی تھی۔ وزیراعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کو ہدایت کی تھی کہ وہ 208 ارب روپے معاف کرنے کی تفصیل قوم کے سامنے رکھے تاہم اب یہ آرڈیننس واپس لے لیا گیا ہے۔

Related Articles

Back to top button