پاکستانی خبریں

حکومت کیجانب سے مسئلہ کشمیر کیلئے اہم قدم، انٹرنیشنل ڈپلومیٹک کانفرنس بلانے کا فیصلہ

حکومت پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مزید اجاگر کرنے کے لیے انٹرنیشنل ڈپلومیٹک کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، کانفرنس میں پاکستان میں موجود سفارتکاروں اور برطانوی و یورپی ارکان پارلیمنٹ کو مدعو کیا جائے گا۔

حکومت نے مسئلہ کشمیر پر انٹرنیشنل ڈپلومیٹک کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، ڈپلومیٹک کانفرنس کے انعقاد کا اہتمام وزارت قانون کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری وزارت قانون کو کانفرنس کے انتظامات کی ہدایت کردی گئی ہے، کانفرنس میں پاکستان میں موجود سفارتکاروں کو مدعو کیا جائے گا۔ برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ کے کشمیر کاز پر متحرک ارکان کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کانفرنس کے اختتامی سیشن سے صدر یا وزیر اعظم خطاب کریں گے، کانفرنس کا انعقاد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے پہلے ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا تھا۔ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آج پورا پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، کشمیری بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ تقریباً 80 لاکھ کشمیری گزشتہ 4 ہفتے سے کرفیو میں محصور ہیں، ہم سب کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے دکھ درد میں شریک ہیں۔ انتہا پسند ہندو چاہتے ہیں بھارت سے مسلمانوں کو نکال دیں۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ آر ایس ایس چاہتی ہے بھارت میں صرف ہندو رہیں اور اس نظریے کی بنیاد پر کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہے۔

Related Articles

Back to top button