پاکستانی خبریں

عمران اور بشریٰ بی بی کا نکاح غیر قانونی ہے، مفتی سعید کا عدالت میں بیان

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کے کیس میں نکاح خواں مفتی سعید نے اپنا بیان قلمبند کرادیا۔مفتی سعید نے کہا عمران خان اوربشریٰ بی بی نے سب جانتے ہوئے بھی نکاح اور شادی کی تقریب کی، عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح غیر قانونی ہے۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف عدت میں نکاح کے کیس میں درخواست گزار کی جلد سماعت کی استدعا منظورکرتے ہوئے نکاح خواں مفتی سعید نے بیان ریکارڈ کروا دیا۔

عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف غیرشرعی نکاح سے متعلق کیس 28 اپریل کو مرکزی کیس سماعت کے لئے مقرر تھا تاہم درخواست گزار محمد حنیف نے آج ہی جلد سماعت کی درخواست دائر کی جسےآج ہی منظور کرلیا گیا۔

درخواست کی منظوری کے بعد عمران خان اور بشری بی بی کا نکاح پڑھانے والے مفتی سعید نے اسلام آباد کچہری پہنچ کراپنا بیان حلفی ریکارڈ کروایا۔

مفتی محمد سعید احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ میری 62 سال عمرہے، مدرسے میں پرنسپل ہوں۔ یکم جنوری 2018 کو عمران خان نے مجھ سے کال پر رابطہ کیا، ان سے اچھے تعلقات تھے، میں پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا ممبر تھا۔ انہوں نے مجھ سے کہا میرا نکاح بشریٰ بی بی سے پڑھوا دو اور نکاح پڑھانے کے لیے لاہور جانا ہے۔

مفتی محمد سعید خان کے مطابق ، ’عمران خان مجھے اپنے ساتھ لاہور کے علاقے ڈیفینس کی کوٹھی میں لے گئے جہاں بشریٰ بی بی کے ساتھ موجود ایک خاتون نے خود کو ان کی بہن ظاہر کیا۔ میں نے اس خاتون سے پوچھاکہ کیا بشریٰ بی بی کا نکاح شرعی طور پر ہوسکتاہے؟ جواب میں خاتون نے بتایاکہ بشریٰ بی بی کے نکاح کی تمام شرعی شرائط مکمل ہی اور ان کا نکاح عمران خان کے ساتھ پڑھایا جاسکتا ہے۔‘

انہوں نے بیان حلفی میں مزید کہا کہ یکم جنوری 2018 کو خاتون کی یقین دہانی پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح پڑھا دیا۔ عمران خان نے کہا کہ نومبر 2017 میں بشریٰ بی بی کو (سابقہ خاوند خاور مانیکا سے ) طلاق ہوئی تھی۔

مفتی سعید کے مطابق عمران خان نے مجھے بتایاکہ بشریٰ بی بی نے پیشگوئی کی تھی کہ نکاح کرنے پر وہ (عمران خان) وزیراعظم بن جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے مجھے بتایاکہ پہلا نکاح غیرشرعی تھا۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے سب جانتے ہوئے بھی نکاح اور شادی کی تقریب منقعد کی اور نکاح کے بعد دونوں اسلام آباد میں ساتھ رہنے لگے۔

مفتی محمد سعید خان نے بیان حلفی میں مزید کہا کہ عمران خان نے مجھ سے فروری 2018 کو دوبارہ رابطہ کر کے درخواست کی کہ بشریٰ بی بی سے دوبارہ نکاح پڑھانا ہے کیونکہ پہلے نکاح کے وقت بشریٰ بی بی کی عدت کا دورانیہ مکمل نہیں ہواتھا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا چوتھا دن تھا، تراویح کے بعد درخواست گزار محمد حنیف میرے پاس آئے جن سےمیرے تعلقات دوستانہ ہیں، محمد حنیف نے مجھ سے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی شادی کے حوالے سے پوچھا۔

 

Related Articles

Back to top button