پاکستانی خبریں

توشہ خانہ ریفرنس: عمران خان کی نااہلی کے خلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے خلاف درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق 19 اپریل کو سماعت کریں گے۔

خیال رہے کہ عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں نااہلی اور پارٹی چیئرمین کے عہدے سے ہٹانے کی الیکشن کمیشن کی کارروائی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کررکھا ہے۔

عمران خان کے وکیل نے یقین دہانی کرائی تھی کہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے کیس واپس لے لیں گے، لاہور ہائی کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے کیس واپس لینے تک مزید کاروائی روک رکھی ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں نااہلی کے بعد بھی بطور سربراہ پی ٹی آئی عہدے پر برقرار رہنے کے حوالے سے وضاحت طلب کی تھی۔

توشہ خانہ کیس کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے سے ہٹانے کے لیے کارروائی شروع کی تھی، مذکورہ فیصلے میں عمران خان کو جھوٹا بیان حلفی جمع کرانے پر آرٹیکل 63 (ون) (پی) کے تحت نااہل قرار دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے فروری 2018 میں الیکشنز ایکٹ کے خلاف درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ دیا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل شخص سیاسی جماعت کا سربراہ نہیں بن سکتا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے آرٹیکل 62 (ون) (ایف)کے تحت نواز شریف کو نااہل کیے جانے کے بعد اس فیصلے نے انہیں مسلم لیگ (ن) کے سربراہ کے عہدے سے ہٹانے کی راہ ہموار کردی تھی۔

Related Articles

Back to top button