پاکستانی خبریں

غیر آئینی اقدامات اٹھانے سے باز رہیں، وزیراعظم کا صدر مملکت کو مشورہ

وزیراعظم شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے صدر کو ’غیر آئینی اقدامات‘ اٹھانے سے خبردار کیا ہے۔ اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ صدر عارف علوی کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو خط نہیں لکھنا چاہیے تھا۔

گزشتہ ہفتے اپنے خط میں صدر مملکت نے سکندر سلطان راجا کو پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخوں پر ایک اجلاس میں مدعو کیا۔

خط کا جواب دیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے صدر کو بتایا تھا کہ صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخوں کے اعلان میں ان کا کوئی کردار نہیں ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اس معاملے پر صدر کو خط لکھنے کا خیال بھی پیش کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ’حکومت چیف الیکشن کمشنر کے فیصلوں کا احترام کرے گی اور اسے قبول کرے گی۔‘

اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابات پر سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور حکومت کی قانونی ٹیم نے اس معاملے پر شرکا کو بریفنگ دی۔

وزیر اعظم نے پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کو ’فلاپ شو‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’لوگوں نے اس سے خود کو دور کر لیا‘ ہے۔

بعد ازاں وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے درمیان علیحدہ سے ملاقات ہوئی۔

سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری کی وزیر اعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم نے ان کا استقبال کیا۔

آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور عوامی فلاح و بہبود کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

 

Related Articles

Back to top button