پاکستانی خبریں

بھارت عوامی امنگوں کو کچل کر آگ سے کھیل رہا ہے: صدر مملکت

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی غیرقانونی تبدیلی اور عوامی امنگوں کو کچل کر آگ سے کھیل رہا ہے۔

کینیڈین امریکن میڈیا چینل وائس نیوز سے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ اگر بھارت یہ سمجھتا ہے کہ اس طرح کے قوانین سے صورتحال بہتر ہوجائے گی تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔ صدر نے کہا کہ پورے کشمیر کو ہڑپ کرنے کے مذموم بھارتی عزائم کو ناکام بنانے کے لئے عالمی برادری کو بھارت پردبائو ڈالنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ طویل عرصے بعد پاکستان نے کشمیر کے مسئلے کوعالمی سطح پر اجاگر کیا ہے اور وہ یہ کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی کشمیر میںموجودگی بذات خود اس حقیقت کا کھلم کھلا اعتراف ہے کہ کشمیر ایک عالمی مسئلہ ہے۔ ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ بھارت بعض جعلی کارروائیوں کو جواز بناکر پاکستان پر حملہ کرسکتا ہے جیسا کہ اس نے پلوامہ حملہ میں کیاتھا۔

ایک سوال پرصدرنے کہا کہ بھارت کوآئینی ترامیم سے دستبردار ہوکر کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کی اجازت دینی چاہیے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین بھارتی خلاف ورزیوں کو اجاگر کریں۔

Related Articles

Back to top button