پاکستانی خبریں

7 سالہ بچی کا مبینہ ریپ کرنے والا 16 سالہ لڑکا گرفتار

پولیس نے شرافی گوٹھ میں 7 سالہ بچی کا مبینہ ریپ کرنے والے لڑکے کو گرفتار کرلیا۔

اس حوالے سے سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر عرفان بہادر کا کہنا تھا کہ پولیس نے چھاپہ مار کارروائی میں ملزم کو گرفتار کیا، جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران بچی کار ریپ کرنے کا ‘اعتراف’ کرلیا۔

حکام کے مطابق ملزم کم عمر لڑکی کو ملیرندی سے دور جھاڑیوں میں لے گیا تھا، جہاں اسے مجرمانہ فعل کا نشانہ بنایا تھا۔
ادھر ایک اور پولیس افسر شرافی گوٹھ کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) فہد حسن کا کہنا تھا کہ ملزم کی عمر تقریباً 16 سال ہے اور وہ علاقے میں دکاندار کے طور پر کام کرتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ 20 اگست کو رات ساڑھے 8 بجے کے قریب ہوا، تاہم ملزم نے بچی کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے اپنے گھر والوں کو بتایا تو وہ اسے قتل کردے گا۔

تاہم واقعے کے 2 روز بعد متاثرہ بچی نے اپنی پڑوس کی خاتون کو بتایا، جس پر انہوں نے یہ بات بچی کی والدہ کو بتائی۔

بعد ازاں جمعرات کی رات کو بچی کے اہل خانہ نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 376 (ریپ کی سزا) کے تحت ایف آئی آر (2019/266) درج کروائی، جس کے بعد جمعہ کو ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔

دوسری جانب پولیس سرجن ڈاکٹر قرار احمد عباسی کا کہنا تھا کہ لڑکی کو گزشتہ شب جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) لایا گیا تھا، جہاں جمعہ کی صبح اس کا طبی معائنہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کم عمر لڑکی کو ‘ڈیجیٹل پینیٹریشن’ کا نشانہ بنایا گیا اور مزید نمونے کیمائی معائنے کی رپورٹ کے لیے بھیجے گئے ہیں۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ تفتیش کے پیش نظر جے پی ایم سی میں ملزم کے نمونے بھی لے لیے گئے۔

Related Articles

Back to top button