پاکستانی خبریں

2 بہنیں نالے میں گر کر جاں بحق، شہر قائد سے دل دہلانے والی خبر آگئی

کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں 2 بہنیں نالے میں گر کر جاں بحق ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں 2 بہنیں نالے میں گر کر زندگی کی بازی ہار گئیں، جاں بحق بچیوں میں 14 سال کی سلمیٰ اور 9 سالہ عاصمہ شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق دونوں بہنیں والدہ کے ساتھ ندی میں کپڑے دھونے گئی تھیں، کپڑے دھونے کے دوران 9 سالہ عاصمہ کا پاؤں پھسل گیا، بہن کو بچانے کے لیے 14 سالہ سلمی نے بھی ندی میں چھلانگ لگادی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بہنوں کی لاشوں کو نالے سے نکال کر لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ماری پور مچھر کالونی میں 3 سالہ بچی نالے میں گر کر جاں بحق ہوگئی۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں سیوریج کے نالے میں 3 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ چوتھے بچے کو زندہ نکال لیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ کھلے سیوریج نالوں میں بچوں کے گرنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل بھی نارتھ ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، محمود آباد اور شہر کے دیگر علاقوں میں کئی بچے نالوں میں گر کر جاں بحق ہوچکے ہیں۔

Related Articles

Back to top button