پاکستانی خبریں

وزیر اعلیٰ پنجاب کا گندم کی فراہمی کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط

وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے گندم کی فراہمی کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کو لکھے گئے خط میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی نے 10 لاکھ ٹن گندم کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

خط میں انہوں نے پنجاب کو 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی فوری فراہمی کی درخواست کی ہے۔ وفاق کو بھیجے گئے مراسلے میں درخواست کی گئی ہے کہ وزراتِ نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور پاسکو کو ہدایات جاری کی جائیں، بقیہ گندم بھی مرحلہ وار فراہم کی جائے۔

خیال رہے کہ پنجاب گندم کے معاملے پر پہلا مراسلہ 18 جون، دوسرا 19 ستمبر اور تیسرا 4 اکتوبر کو متعلقہ اداروں کو لکھ چکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے صاحبزادے، سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی نے ایک بیان کے ذریعے وفاق کو خط لکھنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت پنجاب کے لوگوں پر ظلم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے ہمیں گندم میں اپنا حصہ دینے سے انکار کر دیا ہے، ہمیں گندم درآمد کرنے کی اجازت بھی نہیں دے رہے۔

مونس الہٰی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب میں گندم کا بحران پیدا ہو رہا ہے، امید ہے کہ وفاق کو وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے خط سے اس ضمن میں احساس ہو گا۔

 

Related Articles

Back to top button