پاکستانی خبریں

ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ

ملک کے مختلف علاقوں میں برفباری سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری تھا کہ اچانک سیاحتی مقامات بابو سر ٹاپ اور گیٹی داس سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں شدید برفباری شروع ہوگئی جس کے بعد چلاس جھلکڈ روڈ جزوی طور پر ٹریفک کے لئے بند ہوگئی ہے جب کہ ناران میں بھی برفباری شروع ہونے سے قرب و جوار کے علاقوں کا موسم نہایت سرد ہو گیا ہے۔

لوئر دیر کے ضلعی ہیڈ کوارٹر تمرگرہ شہر اور دیگر مضافات میں ہونے والی شدید بارش اور ژالا باری نے تباہی مچا دی ہے، اس کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ تمرگرہ بازار میں ندی میں پیدا ہونے والی طغیانی کے باعث کار الٹ کر بہہ گئی ہے۔

لوئر دیر میں تیز بارش کی وجہ سے پانی تبلیغی مرکز میں داخل ہو گیا جس کی اطلاع ملتے ہی مقامی ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 نے امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے جب کہ موسم نہایت سرد ہو گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی ہونے والی موسلا دھار تیز بارش نے موسم کو نہایت سرد کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان ، بالائی خیبر پختونخوا، اسلا م آباد اور بالائی پنجاب میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش، چند مقامات پر ژالہ باری اور بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔

 

Related Articles

Back to top button