پاکستانی خبریں

امریکا کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کرتا ہے: پاکستانی سفیر اسد

امریکا میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا، پاکستان کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھائے گا جو امن کیلئے خطرہ بنے،امریکا کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کرتا ہے، وادی کی خود مختاری ختم کرنے پر ٹھوس بیان آنا چاہیے۔

امریکا میں پاکستان کے سفیر اسد مجید خان نے انٹرویو میں کہا کہ کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل ہے، بھارت نے یکطرفہ طور پر کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا، مقبوضہ کشمیر میں مکمل طور پرلاک ڈاؤن ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں فوج کی تعداد میں حالیہ اضافہ کیا، 12ملین کشمیریوں پر9 لاکھ بھارتی فوج تعینات ہے اور بھارت نے مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنادیا ہے۔

پاکستانی سفیر اسد مجید نے کہا کہ امریکا سمیت عالمی برادری کشمیرکو متنازع علاقہ تسلیم کرتی ہے،امریکا کا موقف ہے مسئلہ کشمیر کا حل درکار ہے،امریکی صدر نے وزیراعظم کی موجودگی میں ثالثی کی پیشکش کی،مسئلہ ہو تو تب ہی ثالثی کی پیشکش کی جاتی ہے،بھارتی اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کی نفی ہے،کشمیر پر بھارتی اقدام عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے،مقبوضہ کشمیر میں بنیادی حقوق پامال کیے جارہے ہیں۔

پاکستانی سفیر کا کہنا ہے کہ امریکا میں ہر طرح سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جا رہا ہے، سفارتی ذرائع کے ذریعے مسئلہ کشمیر پر امریکا سے کوششیں جاری ہیں،امریکی میڈیا کی نیوزکوریج میں حالیہ بھارتی اقدام پرتنقید ہوئی، دنیا کی توجہ ایک بار پھر کشمیر کی طرف مبذول ہوگئی۔

پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ مذاکرات کے بغیر کسی مسئلے کا حل ممکن نہیں، ہم مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کے لیے تیار تھے اور تیار ہیں۔

Related Articles

Back to top button