پاکستانی خبریں

جامعہ پشاور مالی بحران کا شکار

خیبرپختونخوا کی پہلی اور سب سے بڑی تعلیمی درس گاہ جامعہ پشاور مالی بحران کے باعث ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن کی ادائیگی سے قاصر ہے۔

جامعہ پشاور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ادریس خان نے وزیر اعلیٰ محمود خان کے پرنسپل سیکرٹری کو مراسلہ بھیجا ہے جس میں فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختو نخوا نے رواں بجٹ میں 6 جامعات کے لیے 2 ارب روپے کا اعلان کیا تھا جس میں جامعہ پشاور کے لیے مختص ساڑھے 4 کروڑ روپے تاحال نہیں ملے جس کے باعث یکم جولائی کو ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی نہیں کرسکتے۔مراسلے میں استدعا کی گئی ہے کہ جامعہ کی مالی مشکلات سے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو آگاہ کیا جائے۔

دوسری جانب فیڈریشن آف پاکستان آل یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر ڈاکٹر اظہار نے جیو نیوز کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے اعلان تو کردیا لیکن فنڈز جاری نہیں کیے۔

ڈاکٹر اظہار نے کہا کہ اسلامیہ کالج، جامعہ پشاور، انجینئرنگ یونیورسٹی اور زرعی یونیورسٹی کے پاس تنخواہوں کے پیسے نہیں اور دوسری جانب صوبائی حکومت نے عمران خان کی صوبے میں سیاسی سرگرمیوں پر یونیورسٹی فنڈز خرچ کیے۔

Related Articles

Back to top button