پاکستانی خبریں

بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370 کے خاتمے کا فیصلہ اور مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل طلب

مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال اور بھارت کی مقبوضہ کشمیر سے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے فیصلے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کل طلب۔

صدر مملکت عارف علوی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر سے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے فیصلے کا جائزہ لینے کے لئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرلیا، اجلاس کل صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔

خیال رہے بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔

یاد رہے بھارتی پارلیمنٹ کے اجلاس میں بھارتی وزیرداخلہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل پیش کیا، تجویز کے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کرسکیں گے۔

بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کا عہدہ ختم کرکے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیئے، جس کے بعد مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم ہوگئی۔

دوسری جانب پاکستان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی اعلان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا کوئی بھی یکطرفہ قدم کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم نہیں کرسکتا، بھارتی حکومت کا فیصلہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کیلئےناقابل قبول ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق یہ متنازعہ علاقہ ہے، بطور فریق پاکستان اس غیرقانونی اقدام کے خلاف ہرممکن قدم اٹھائے گا۔

Related Articles

Back to top button