پاکستانی خبریں

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس، بھارت کو واضح پیغام ہوشیار خبردار

قومی سلامتی کمیٹی نے مقبوضہ کشمیر کی تیزی سے بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیردفاع پرویزخٹک، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ اعجاز شاہ، وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر شریک ہوئے۔

اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی آئی ایس پی آر سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شرکاء نے لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی اقدامات سے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال انتہائی خراب ہورہی ہے اور بھارتی عزائم داخلی وخارجی سطح پر عیاں ہوچکے ہیں، بھارت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے پریشانی میں پرخطر آپشنز اختیار کرسکتا ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں اضافی بھارتی فوج جلتی پر تیل چھڑکنے کے مترادف ہے، بھارتی عزائم خطے میں تشدد بڑھا کر اسے فلیش پوائنٹ بناسکتے ہیں، بھارت اوچھے ہتھکنڈے چھوڑ کر تنازعے کے پرامن حل کی طرف بڑھے۔
جلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا اور کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا، پاکستان مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل چاہتا ہے۔
وزیر اعظم نے مطالبہ کیا کہ عالمی قیادت اور ادارے بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ رویے کا نوٹس لیں، بھارت کا رویہ اس علاقائی تنازعے کو مزید پیچیدہ بنارہا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ کنٹرول لائن کی دونوں طرف کشمیریوں کو پاکستان پر مکمل اعتماد ہے اور پوری کشمیری قوم بھارتی جبر کے خلاف ڈٹ کر کھڑی رہے گی۔

Related Articles

Back to top button