پاکستانی خبریں

روشینیوں کے شہر کو چمکانے کا سلسلہ شروع

وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی آج سے کراچی میں صفائی مہم کا آغاز کریں گے۔

وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے صوبائی حکومت کو دو ہفتوں میں کراچی کے 6 اضلاع سے کچرا صاف کرکے دکھانے کا چیلنج دے رکھا ہے جس کے تحت وہ کراچی صفائی مہم کا آغاز آج سے کر رہے ہیں۔ اس مہم کی تھیم ‘اب ہوگا صاف کراچی’ رکھی گئی ہے جس کے پہلے مرحلے میں 14 اگست تک شہر کے 32 بڑے نالے صاف کیے جائیں گے، بند نالوں کو کھولا جائے گا ۔

اس کے بعد شہر سے کچرا اٹھایا جائے گا، سڑکوں اور اہم شاہراؤں پر موجود گندگی کو صاف کیا جائے گا۔ علی زیدی کے سوشل میڈیا ٹوئٹر بیان کے مطابق ‘اب ہوگا صاف کراچی’ مہم آج دن 12 بجے سے کے پی ٹی پیڈ آفس سے شروع ہوگی جو دو ہفتے یعنی 14 اگست تک جاری رہے گی’۔

کراچی صفائی مہم سے متعلق وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا ہے کہ ابھی سندھ حکومت کو صفائی مہم پر ہونے والے خرچ کا اندازہ نہیں ہے، ایف ڈبلیو او اس کام کی نگرانی کرے گی جس میں منافع کا دخل نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لانڈھی انڈسٹریل ایریا کے صنعت کارروں نے علاقہ صاف کرنے کی پیش کش کی ہے۔

علی زیدی نے صوبائی سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تو پلاسٹک بیگس پر پابندی لگانی چاہیے کیونکہ سمندر میں جا کر یہ پلاسٹک بیگ تباہی مچاتے ہیں۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کی حمایت اور شرکت کے بغیر یہ کام ممکن نہیں ہے لہذا اس مہم میں سب کے تعاون کی ضرورت ہے۔

علی زیدی کی صفائی مہم کے اقدام کو کرکٹ کھلاڑی، شوبز شخصیات اور شہریوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔ اس کے لیے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، فاسٹ بولر وہاب ریاض، حسن علی، انگلینڈ کے کھلاڑی کرس جارڈن، ویسٹ انڈیز کے آندرے فلیچر، میوزک گروپ ‘اسٹرنگز’، گلوکار شہزاد رائے اور علی ظفر نے بھی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

Related Articles

Back to top button