پاکستانی خبریں

ہم پر نالائق اور نا اہل حکومت مسلط کردی گئی ہے: سعید غنی

سندھ کے وزیر اطلاعات و نشریات سعید غنی نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں کوئلہ اور لکڑیاں بھی نہیں ملیں گی۔ انہوں ںے کہا کہ ہم پر نالائق اور نا اہل حکومت مسلط کردی گئی ہے۔

 پی پی کراچی کے صدر سعید غنی نے یہ بات ضلع شرقی کے علاقے لسبیلہ پر پارٹی کے زیر اہتمام منعدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے ریر اہتمام گیس بحران کے خلاف شہر قائد کے مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں جس میں پارٹی رہنماؤں کے علاوہ کارکنان شریک ہیں۔ مظاہرین نے بینرز اورپلے کارڈز بھی اٹھا رکھے ہیں۔

پی پی کے ریر اہتمام کراچی کے ضلع وسطی میں لیاقت آباد دس نمبر، ضلع ملیر میں پریس کلب، ضلع جنوبی میں میری ویدر ٹاور، ضلع کورنگی میں سوئی سدرن آفس اور ضلع غربی میں بلدیہ ٹاون 24 مارکیٹ پر احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں جن سے پارٹی رہنما خطاب کر رہے ہیں جب کہ کارکنان احتجاجی نعرے لگا رہے ہیں۔

سندھ کے وزیر اطلاعات و نشریات سعید غنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے علاوہ کوئی پارٹی ایسی نہیں ہے جو پورے ملک میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کررہی ہو۔

انہوں نے کہا کہ کہتے تھے کہ دنیا بھر سے لوگ یہاں نوکریاں ڈھونڈنے آئیں گے لیکن یہاں کے لوگ آج گیس ڈھونڈ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ گھر اور نوکریاں دینے کا دعویٰ کرنے والے نے گھر اور نوکریاں چھین لی ہیں۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی حکومتیں چور تھیں لیکن عجیب چور حکومتیں تھیں کہ جن میں سب کچھ سستا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے یہ بات صحیح کہی تھی کہ ڈالر مہنگا ہو تو وزیراعظم چور ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 22 کروڑ عوام کی زندگیاں اجیرن کردی ہے۔

پی پی سے تعلق رکھنے والے وزیر اطلاعات و نشریات سعید غنی نے کہا کہ ایک ٹولہ ایسا بھی ہے جو خود کو کراچی کا ٹھیکیدار سمجھتا ہے۔

پی پی رہنما شرمیلا فاروقی نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گیس سندھ میں پیدا ہوتی ہے لیکن صوبے کو کم گیس فراہم کی جارہی ہے۔

شرمیلا فاروقی نے کہا کہ احتجاج کے ذریعے آواز بنی گالا تک پہنچانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیالے اپنی جدوجہد کے ذریعے ملک سے اس نااہل حکومت کا خاتمہ کریں گے۔

Related Articles

Back to top button