پاکستانی خبریں

فواد چوہدری نے جسٹس (ر) وجیہہ الدین کو مسخرہ قرار دے دیا

وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری نے جسٹس (ر) وجیہہ الدین کو مسخرہ قرار دے دیا۔

گزشتہ روز ایک انٹرویو میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین احمد نے انکشاف کیا تھا کہ عمران خان کا بنی گالا کا گھر جہانگیر ترین جیسے لوگوں کے پیسے سے چلتا تھا۔

جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کا کہنا تھاکہ عمران خان کا بنی گالہ کا گھر چلانے کیلئے جہانگیر ترین جیسے لوگ 30 لاکھ روپے ماہانہ دیا کرتے تھے، بعد میں یہ رقم 50 لاکھ روپے ماہانہ کر دی گئی۔

ان کا کہنا تھاکہ یہ سوچ بالکل غلط ہے کہ عمران خان کوئی دیانت دار آدمی ہیں جس آدمی کے جوتے کے تسمے بھی اس کے اپنے پیسوں کے نہ ہوں اسے دیانت دار کیسے کہا جا سکتا ہے؟

اب وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے جسٹس (ر) وجیہہ الدین کو مسخرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو ان کے گھر والے بھی نہیں پہنچانتے، ایسے لوگ اپنی اہمیت بنانے کیلئے مسخروں والی باتیں کرتے ہیں۔

اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کا کہنا تھاکہ جسٹس (ر) وجیہہ الدین کا بیان بالکل جھوٹا اور غیر منطقی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ وجیہہ الدین پارٹی سے ہٹائے جانے کے دکھ میں اکثر ایسے غیر منطقی بیان دیتے رہتے ہیں۔

خیال رہے کہ جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین احمد نے پی ٹی آئی کے پارٹی انتخابات میں دھاندلی پر جہانگیر ترین اور پرویز خٹک کو پارٹی سے فارغ کرنے کی سفارش کی تھی مگر عمران خان نے اس پر خود انھیں ہی پارٹی سے نکال دیا تھا۔

Related Articles

Back to top button