پاکستانی خبریں

انتخابی اصلاحات بل پر صدر ڈاکٹر عارف علوی نے دستخط کردیے

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ سے منظور شدہ انتخابی اصلاحات بل پر دستخط کردیے ہیں۔

اس سلسلے میں ایوان صدر میں تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، وفاقی وزیر تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر، وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمد خان نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے دستخط کیے جانے کے بعد انتخابی اصلاحات بل قانون بن گیا ہے۔
اس قانون کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا گیا ہے جب کہ آئندہ تمام انتخابات میں ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ وفاقی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی پہلے ہی الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار کرچکی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے چند دن قبل واضح طور پر کہا تھا کہ پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد اگر الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے منعقد نہ ہوں تو حکومت کے لیے فنڈز دینا ممکن نہیں ہو گا۔

منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کا سہرا وزیراعظم عمران خان کے سر ہے کیونکہ انہوں نے اس کیلئے بے پناہ محنت اور کوشش کی ہے۔

Related Articles

Back to top button