پاکستانی خبریں

وزیراعظم عمران اور ترک صدر کا دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ

وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

دونوں رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیراور افغانستان میں امن کے لئے جاری کوششوں سمیت خطے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں اور باہمی تعلقات پربھی تبادلہ خیال کیا۔ صدر اردوان نے وزیراعظم عمران خان سے پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

دونوںرہنمائوں نے پاکستان اورترکی کے درمیان بھائی چارے کے مضبوط بندھن اور قریبی تعاون پر اطمینان کااظہارکیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعاون کے کئی اہم شعبوں خصوصاً اس سال جنوری میں وزیراعظم کے ترکی کے دورے کے بعد سے اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سال کے آخر میں اسلام آباد میں پاکستان ترکی اعلیٰ سطح کی سٹرٹیجک تعاون کونسل کے آئندہ اجلاس کے دوران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مستحکم ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت صدر اردوان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ انہوں نے صدر اردوان کو افغانستان میں امن ومفاہمت کیلئے عالمی کوششوں میں پاکستان کی مسلسل حمایت سے آگاہ کیا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال کو بھی اجاگر کیا۔

Related Articles

Back to top button