پاکستانی خبریں

وہ دن ضرور آئے گا جب دنیا پاکستانی پاسپورٹ کی عزت کرے گی: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ دن ضرور آئے گا جب دنیا پاکستانی پاسپورٹ کی عزت کرے گی، جب تک لٹیروں کا احتساب نہیں ہوگا ملک آگے نہیں بڑھے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے قائداعظم محمدعلی جناح اور علامہ محمداقبال کے تصورات اور خوابوں کی روشنی میں پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانے کے عزم کااعادہ کیا ہے۔

امریکہ کے کامیاب دورے کے بعد اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پرپارٹی رہنمائوں، کارکنوں اور عوام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے قومی دولت لوٹنے والوں اور اشتہاری مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کاعزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ستائیس رمضان کو معرض وجود میں آیا یہ اسلام کے نام پرقائم ہونے والا واحد ملک ہے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ وہ کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے اور نہ وہ اپنی عوام کو کسی کے سامنے جھکنے دیں گے۔عمران خان نے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب دنیا میں پاکستان کے گرین پاسپورٹ کی عزت ہوگی اور پاکستان دنیا میں ایک عظیم ملک بن کر ابھرے گا۔وزیراعظم نے اس عزم کااظہار کیا کہ سابق حکمرانوں کی بدعنوانی کی وجہ سے تباہ ہونے والے اداروں کی تنظیم نو کی جائے گی۔

انہوں نے اس عزم کابھی اظہار کیاکہ ریاست مدینہ کے سنہری اصولوں پر ملک کی بنیاد رکھ کر پاکستانی قوم کوایک عظیم قوم بنایا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ ہسپتال تعمیر کئے جائیں گے ،صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔

اس سے پہلے ایئرپورٹ آمد پر وفاقی وزراء ،تحریک انصاف کے کارکنو ں کی ایک بڑی تعداد اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افرادسمیت پارٹی قیادت نے وزیراعظم کاشاندار استقبال کیا۔

Related Articles

Back to top button