پاکستانی خبریں

رزمک میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے ملک دشمن عناصر کے خلاف خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کےعلاقے رزمک میں خفیہ اطلاع پرفورسز نے آپریشن کیا جس کے دوران فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کےدوران دو دہشت گرد مارے گئے۔ فورسز کی جانب سے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس سرچ آپریشن شروع کردیا گیا جو تاحال جاری ہے۔

جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزا میں گزشتہ روز بھی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا تھا۔ آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد مارے گئے تھے جب کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کے 7 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

چودہ ستمبر کو بھی شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

شمالی وزیرستان میں اس سے قبل بھی کلیئرنس آپریشن کے دوران بارودی سرنگ پھٹنے سے 2 جوان شہید ہوئے تھے۔

Related Articles

Back to top button