پاکستانی خبریں

پاکستان آرڈیننس فیکٹری میں حادثاتی دھماکا، 3 ملازم جاں بحق

پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (پی او ایف) واہ کینٹ کے ایک پلانٹ میں زوردار دھماکے کے نتیجے میں 3 ملازمین جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ‘آئی ایس پی آر’ کے جاری بیان کے مطابق ‘پی او ایف واہ کے ایک پلانٹ میں حادثاتی دھماکا فنی خرابی کی وجہ سے ہوا’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘دھماکے سے 3 ملازمین جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے’۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ‘زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور جائے وقوع کو کلیئر کردیا گیا ہے جبکہ پی او ایف کی ٹیکنیکل ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے صورت حال پر قابو پالیا ہے’۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق واہ کینٹ کے علاقے لالہ رخ کے قریب ہونے والے دھماکے سے قریبی گھروں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور شہری خوف زدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ دھماکے سے اب تک 3 افراد جاں بحق اور دیگر 7 زخمی ہوئے اور پاک فوج کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ چکی ہیں۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو، فائر بریگیڈ اور سیکیورٹی اداروں کی گاڑیاں جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکا واہ کینٹ فیکٹری کے اندر ایکسپلوزیو سیکشن میں ہوا۔

خیال رہے کہ پاکستان آرڈیننس فیکٹریز ملک کا سب سے بڑا صنعتی کمپلیکس ہے اور وزارت دفاعی پیداوار کے تحت کام کرتا ہے جہاں جنگی ہتھیار اور اسلحہ تیار ہوتا ہے۔

Related Articles

Back to top button