پاکستانی خبریں

وزیراعظم اور امریکی صدر کی ملاقات سے خطے میں امن کی راہ ہموار ہوئی: عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات سے خطے میں امن کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کو امریکا میں تاریخ ساز پذیرائی اور سفارتی محاذ پر بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش پاک بھارت تنازعات کے حل میں اہم کردار ادا کرے گی۔ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری آ رہی ہے۔وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکہ تعلقات کو نئی جہت دے گا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے قومی مفادات کو مقدم رکھا۔ وزیراعظم کے دورہ امریکہ سے پاک امریکہ تجارتی و معاشی تعلقات کو فروغ ملے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہناتھا کہ پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر تنہا رکھنے کی سازش کرنے والوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ مخالفین کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ وزیراعظم عمران خان پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے نئی سوچ اور نئے وژن کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔ انشاء اللہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وطن عزیز اپنی اصل منزل حاصل کرے گا۔

Related Articles

Back to top button