پاکستانی خبریں

وزیراعظم عمران خان کی ہدایات، وفاقی وزراء سے اضافی سکیورٹی واپس لے لی گئیں

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزراء سے اضافی سکیورٹی واپس لینے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر کابینہ ڈویژن اور اسلام آباد پولیس نے کئی وفاقی وزراء سے اضافی سکیورٹی واپس لی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد اضافی سکیورٹی واپس لی گئی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ جن وفاقی وزراء سے اضافی سکیورٹی واپس لی گئی ہے ان میں شیریں مزاری اور پرویز خٹک بھی شامل ہیں۔

وفاقی وزراء کی سکیورٹی پر مامور 5 اہلکاروں میں سے 3 کو واپس بلا لیا گیا ہے، وفاقی وزراء کے ساتھ سکیورٹی کے لیے اب اسلام آباد پولیس کے صرف دو اہلکار موجود رہیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کو دی گئی نفری برقرار رہے گی جبکہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو دی گئی اضافی نفری میں بھی کمی کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں پروٹوکول کم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

Related Articles

Back to top button