پاکستانی خبریں

نا اہل ترین حکومت کا صرف ترین نکلا ہے تو یہ گھبرا گئے: مرتضٰی وہاب

ترجمان سندھ حکومت مرتضٰی وہاب نےکہا ہےکہ وزیراعظم نے صحیح کہا کہ سارے چور اکٹھے ہوگئے ہیں، پاکستان کی نا اہل ترین حکومت کا صرف ترین نکلا ہے تو یہ گھبرا گئے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کے کپتان عمران خان نے ماضی کی حکومت کے منصوبے کا افتتاح کیا،نااہل ترین حکومت میں کا "ترین” گروپ کی شکل میں علیحدہ ہوچکا جس سے وفاق اور پنجاب کی حکومتیں خطرے میں ہیں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ48 لوگوں کا گروپ قومی اور پنجاب اسمبلی میں بنا ، سوال یہ ہےکہ کیا اب بھی کپتان کے پاس اکثریت ہے؟ وزیراعظم کہتے ہیں وہ کسی کے پریشر میں نہیں آتے مگر لگ یہی رہا ہے کہ جب بجٹ پاس ہوگا تو جہانگیر ترین کے کیسز ختم ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آٹا، چینی، دواوں اور رنگ روڈ سمیت ایک درجن سے زائد اسکینڈل ایمانداری کا دعویٰ کرنے والے عمران خان کے دور کے ہیں، اس لیے اب وزرا کو نہیں بلکہ خود عمران خان کو استعفیٰ دینا چاہیے، رنگ روڈ کی شکل میں ایک ٹیکا قومی خزانے کو لگا جب کہ دوسرا ٹیکا وزیراعظم کے اے ٹی ایمز کو فائدہ دے کر لگایا گیا۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے صحیح کہا کہ سارے چور اکٹھے ہوگئے ہیں، سب چور پاکستان تحریک انصاف کے سائے تلے اکٹھے ہوئے ہیں۔

Related Articles

Back to top button