پاکستانی خبریں

کراچی این اے 249 ضمنی انتخاب، دوبارہ گنتی میں بھی پی پی پی کے قادر مندوخیل کامیاب

کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں ضمنی انتخاب کے بعد ووٹوں کی دوبارہ گنتی مکمل ہوگئی۔

دوبارہ گنتی کے نتیجے میں بھی پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل کامیاب ہوگئے ہیں اور قادر خان مندوخیل نے مجموعی طور پر 15656 ووٹ حاصل کیے۔

مسلم لیگ ن کے مفتاح اسماعیل نے 14747 ووٹ حاصل کیے اور یوں قادر خان مندوخیل کو 909 ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔

دوبارہ گنتی میں ن لیگ کے 726 ووٹ جبکہ پیپلزپارٹی کے 500 ووٹ مسترد ہوئے۔

واضح رہےکہ 29 اپریل کو این اے 249 کے ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کے امیدوار قادر مندوخیل کامیاب ہوئے تھے اور مفتاح اسماعیل دوسرے نمبر پر رہے تھے جبکہ دونوں کے ووٹوں میں 683 ووٹوں کا فرق تھا۔

لیگی امیدوار کی درخواست پر دوبارہ گنتی کرائی گئی تاہم ن لیگ اور پی ٹی آئی سمیت دیگر نے گنتی کا بائیکاٹ کردیا تھا۔

Related Articles

Back to top button