پاکستانی خبریں

اللہ نے پاکستان اور عدلیہ کوعالمی عدالت انصاف میں سرخرو کیا: ترجمان پاک فوج

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ اللہ نے پاکستان اور عدلیہ کو عالمی عدالت انصاف میں سرخرو کیا۔

عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کے فیصلے کے ردعمل میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت کی اپیل تھی کہ فوجی عدالت کی جانب سے کلبھوشن کو دی گئی سزائے موت ختم کی جائے جو مسترد کردی گئی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی اپیل تھی کہ کلبھوشن کو رہا کیا جائے لیکن عالمی عدالت نے یہ اپیل بھی مسترد کی، بھارت نے اپنی درخواست میں 5 نکات اٹھائے تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان کامؤقف تھا کہ یہ بھارتی نیوی کا افسر ہے جو کہ تسلیم کیا گیا، ہمارا مؤقف تھا کہ کلبھوشن بھارتی جاسوس ہے اور جعلی دستاویزات پر پاکستان آیا تھا، عالمی عدالت انصاف میں ہمارا یہ مؤقف بھی مانا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بہت مختصر نوٹس پر عالمی عدالت انصاف میں گیا اور اللہ نے پاکستان اور عدلیہ کو عالمی عدالت انصاف میں سرخرو کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اٹارنی جنرل اور ان کی ٹیم نے بہت بہتر کام کیا ، کلبھوشن کیس میں ثبوت اور شواہد کی بنیاد پر پاکستان پُراعتماد تھا، عالمی عدالت نے نظر ثانی کا معاملہ پاکستان کے عدالتی نظام پر چھوڑ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی بھارت کو عالمی عدالت انصاف میں سرپرائز کا سامنا کرنا پڑا۔

یاد رہے کہ عالمی عدالت انصاف نے پاکستان سے گرفتار ہونے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد کردی ہے۔

عالمی عدالت انصاف کے صدر جج عبدالقوی احمد یوسف نے دی ہیگ کے پیس پیلس میں کلبھوشن کیس کا فیصلہ سنایا۔

عالمی عدالت انصاف نے بریت کی بھارتی درخواست مسترد کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ کلبھوشن جادھو کو سنائی جانے والی سزا کو ویانا کنونشن کے آرٹیکل 36 کی خلاف ورزی تصور نہیں کیا جاسکتا۔

عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن کی رہائی اور بھارت واپسی کی بھارتی درخواست بھی مسترد کردی جبکہ کلبھوشن کی پاکستان کی فوجی عدالت سے سزا ختم کرنے کی بھارتی درخواست بھی رد کی گئی۔

 

Related Articles

Back to top button