لاڑکانہ میں باراتیوں سے بھری بس الٹ گئی، بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق

لاڑکانہ میں باراتیوں سے بھری بس الٹ گئی، بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق

سندھ کے شہر لاڑکانہ میں باراتیوں سے بھری بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔

لاڑکانہ میں باراتیوں سے بھری بس کو حادثہ بائی پاس کے قریب پیش آیا، حادثے میں10 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق افراد 4 بچے بھی شامل ہیں، حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت فوری طور پر نہیں ہوسکی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ بس کا ٹائی راڈ ٹوٹنے کے باعث پیش آیا۔

حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو چانڈکا اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

دوسری جانب ایم نائن موٹروے پر نوری آباد کے نزدیک بارات میں شامل دولہا کی کار اور ٹرک میں تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں دولہا موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق 30 سالہ جنید قاضی بارات لے کر کراچی جارہا تھا کہ ٹرک سے اس کی کار ٹکرا گئی۔

کار میں سوار چار باراتی زخمی ہوگئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، زخمیوں کو قریبی طبی مرکز منتقل کردیا گیا جہاں ان کی شناخت دانش، دانیال اور ماجد کے نام سے ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں