کورونا ویکسین کے حوالے سے شکوک وشبہات، صدرعارف علوی نے بیان جاری کر دیا

کورونا ویکسین کے حوالے سے شکوک وشبہات، صدرعارف علوی نے بیان جاری کر دیا

صدر مملکت عارف علوی نے کورونا ویکسین کے حوالے سے پیدا کئے جانے والے شکوک وشبہات پر اہم بیان جاری کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں صدر عارف علوی نے کہا کہ کورونا ویکسین لازمی ہے، عالمی وبا سے بچاؤ کے لئے ویکسین کی دو خوراک لگائی جاتی ہے، ویکسین کو اثر کرنے میں چند ہفتوں کا وقت لگتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ زیادہ تر کیسز میں ویکسین 100 فیصد موثر ہے، باقی کیسز میں انفیکشن کی شدت بہت کم ہوجاتی ہے۔

ٹوئٹر پیغام میں صدر مملکت نے عوام کو خبردار کیا کہ ان لوگوں سے ہوشیار رہیں جو ویکسین سے متعلق شک وشبہات پیدا کرتے ہیں، حقیقت میں وہ کچھ نہیں جانتے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، جس کے بعد انھوں نے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا تھا۔

کورونا ٹیسٹ مثبت آنے سے قبل وزیراعظم نے کورونا ویکسین بھی لی تھی، معاملے پر این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے بتایا کہ کورونا کی ویکسین لینے سے قبل ہی وزیراعظم اس کا شکار ہوگئے تھے۔

انہوں نے واضح کیا تھا کہ کورونا ویکسین سے متعلق غلط معلومات پھیلانے سے گریز کیا جائے۔

دوسری جانب وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کا کہنا تھا کہ ویکسین کی دوسری خوراک کے دو سے تین ہفتے بعد اینٹی باڈیز بنتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں